نائیجیریا میں آئل ٹینکر دھماکہ،70 افراد ہلاک
شمالی نائیجیریا میں آئل ٹینکر الٹنے کے بعد ہونے والے دھماکے میں 70 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) نے بیان میں بتایا کہ ریاست نائیجر کے علاقے میں پٹرول سے لدا ٹینکر الٹ گیا، جس سے تیل پھیل گیا اور دھماکا ہوا۔نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ اب تک موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق 70 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، 56 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 15 سے زائد دکانیں تباہ ہوگئی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ریاست نائیجر کے ایف آر ایس سی سیکٹر کمانڈر کمار ٹسوکوام نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو ٹینکر الٹنے کے بعد پھیلے ہوئے تیل جمع کرنے کے لیے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو روکنے کی ہر کوشش کے باوجود تیل اکٹھا کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی اور ایسے میں اچانک دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے بلند ہوگئے اور دوسرے ٹینکر کو لپیٹ میں لے لیا۔

