ڈاکٹر سلمان للانی نے ٹیکساس ڈسٹرکٹ 76 نمائندے کے طور پر دوسری مدت کے لیے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

آسٹن، ٹیکساس(نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر سلیمان للانی، جو پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے ایک مشعل راہ ہیں، نے ہاؤس ڈسٹرکٹ 76 کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیکساس قانون ساز اسمبلی کے89سیشن میں دوسری مدت کے لیے حلف اٹھایا۔ یہ تاریخی موقع ان کی خدمت، قیادت، اور عوام کے ان پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ڈاکٹر لالانی نے ایک کامیاب طبیب سے ایک معزز قانون ساز تک کا سفرعوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہوئے طے کیا۔ ایک مشہور معالج کے طور پر انہوں نے ٹیکساس کی پسماندہ کمیونٹیز کی صحت کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے کئی دہائیوں تک خدمات انجام دیں۔ اپنی طبی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے انہوں نے سیاست میں قدم رکھا تاکہ صحت، تعلیم، اور معاشی مواقع میں موجود عدم مساوات کو دور کیا جا سکے۔اپنے پہلے دور میں ڈاکٹر للانی نے کئی اقدامات کی قیادت کی، جنہوں نے ٹیکساس کے شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالا، انہوں نے کم آمدنی والے علاقوں میں صحت کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے، میڈیکیڈ کی توسیع اور سستی صحت عامہ کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ڈاکٹر للانی نے پبلک اسکولوں کی فنڈنگ بڑھانے اور تمام طلباء کے لیے مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی کی حمایت کی۔ انہوں نے چھوٹے کاروباروں کے فروغ اور اپنے حلقے میں ملازمت کے مواقع پیدا کرنے والی پالیسیوں پر کام کیا۔ انہوں نے عوامی مسائل کو سمجھنے اور ان کی آواز ریاستی سطح پر پہنچانے کے لیے باقاعدہ ٹاؤن ہال میٹنگز اور فورمز کا انعقاد کیا۔ڈاکٹر لالانی کی حلف برداری کی تقریب پاکستانی-امریکی کمیونٹی اور تمام ٹیکسانز کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔ انہوں نے قرآن پاک کے تاریخی نسخے پر حلف اٹھایا، جو ان کی ثقافتی اور روحانی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ تقریب ٹیکساس کیپٹل میں منعقد ہوئی جس میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے حامی اور عوامی رہنما اور عوامی تنظیمیں شامل تھیں ذکیہ للانی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی دلجمعی سے میزبانی کی۔اپنی دوسری مدت کے آغاز پر ڈاکٹر للانی نے ٹیکساس اور اپنے حلقے کے اہم مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر لالانی نے کہاکہ ہاؤس ڈسٹرکٹ 76 کی دوبارہ خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ہم سب مل کر ایک مضبوط، صحت مند، اور شمولیت پر مبنی ٹیکساس کی تعمیر کریں گے۔ آپ کی ضروریات اور خواہشات کے لیے میری خدمات غیر متزلزل رہیں گی اور ہم سب ایک روشن مستقبل کی تشکیل کے لیے کام کریں گے۔یہ تقریب نہ صرف ڈاکٹر للانی کی ذاتی کامیابی تھی بلکہ اس کمیونٹی کے لئے بھی امید اور خوشی کا لمحہ تھی جس کی وہ نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کی قیادت، وژن، اور انتھک محنت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ٹیکسانز کو متاثر کرتی رہتی ہے۔