چیمپئنز ٹرافی ،پاکستان نہ جانا بھارت کی بدقسمتی ہے: شین واٹسن

چیمپئنز ٹرافی ،پاکستان نہ جانا بھارت کی بدقسمتی ہے: شین واٹسن

سڈنی: سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہ کرنے کو بھارت کی بدقسمتی قرار دے دیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شین واٹسن کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ دیکھنا ہر کوئی پسند کرتا ہے، ان دنوں ٹیموں کا جب بھی مقابلہ ہوتا ہے تو یہ ایک خاص ماحول ہوتا ہے، یہ بدقسمتی ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ بطور آسٹریلوی میں جانتا ہوں انگلینڈ ہمارے لیے کتنا بڑا حریف ہے، اسی طرح پاکستان اور بھارت بھی بڑے حریف ہیں، کوئی بھی کرکٹ فین یہ میچ مس نہیں کرنا چاہتا۔
شین واٹسن نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کو پاکستانی قوم کیلئے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ان کی پوری قوم کے لیے ایک خاص لمحہ ہے، کرکٹ فینز کو اپنے ملک میں ورلڈ سٹارز دیکھنے کا موقع ملے گا۔
سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر کا پاکستان کے حوالے سے اپنی ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے 2019ء میں پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا موقع ملا، پاکستان جانا اور پھر وہاں کھیلنا یہ میرے لیے ایک خاص بات تھی، پاکستان میں لوگوں کی کرکٹ سے محبت اور اس کو انجوئے کرتے دیکھنا میرے لیے اچھی بات تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی ایونٹ کا پاکستان میں انعقاد اس لیے بھی اچھی بات ہے کہ فینز اپنی آنکھوں کے سامنے دنیا کے بڑے سٹارز کو ایکشن میں دیکھیں گے، یقینی طور پر یہ ان کے لیے خاص لمحہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں