محمودعباس نے اپنا جانشین نامزد کردیا
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے صحت کی خرابی کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر منصب سنھالنے کے لیے روحی فتوح کو اپنا جانشین نامزد کردیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نےروحی فتوح کو اپنا جانشین اس لیے نامزد کردیا کہ اگر خرابی صحت کے باعث وہ کام جاری نہیں رکھ سکے تو وہ عہدہ سنبھال لیں گے۔فلسطین کے 89 سالہ صدر محمود عباس فلسطینی لبرین آرگنائزیشن (پی ایل او) کے بھی سربراہ ہیں اور انہیں یاسر عرفات کے انتقال کے ایک سال بعد 2005 میں فلسطینی اتھارٹی کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق اگر محمود عباس صدارت کا منصب جاری نہیں رکھ پاتے ہیں تو روحی فتوح 90 روز کے لیے صدر بن جائیں گے اور انتخابات کے انعقاد تک منصب جاری رکھ سکتے ہیں اوریہی اقدام 2004 میں یاسر عرفات کے انتقال کے بعد کیا گیا تھا۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر گزشتہ ایک سال سے جاری وحشیانہ جنگ کے نتیجے میں 44 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت اور ایک لاکھ سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے پر محمود عباس کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔