امریکہ کے ساتھ سرحدیں بند نہیں کی جائیں گی، میکسیکن صدر کا ڈونلڈ ٹرمپ کا جواب
امریکہ کے ساتھ سرحدیں بند نہیں کی جائیں گی، میکسیکن صدر کا ڈونلڈ ٹرمپ کا جواب
میکسیکو سٹی : (ویب ڈیسک ) میکسیکو کی صدر کلاڈیا شئین بام نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ سرحدیں بند نہیں کی جائیں گی۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پڑوسی ملک میکسیکو کی صدر کلاڈیا شئین بام کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد دونوں طرف کے بیانات میں مختلف مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میکسیکو کی صدر نے اس بات اتفاق کیا ہے کہ وہ اپنے ملک سے امریکہ کی طرف جانیوالے پناہ گزینوں کو روکیں گی تاہم میکسیکن صدر نے اس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میکسیکو کی پوزیشن یہ ہے کہ سرحدیں بند نہیں کی جاتیں۔
دونوں طرف سے جاری بیانات میں اس کال کو مثبت طور پر پیش کیا گیا ہے باوجود اس کے کہ نومنتخب صدر ٹرمپ کی جانب سے پیر کو میکسیکو پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی کے بعد میکسیکو کی حکومت کی جانب سے جوابی کارروائی کی وارننگ دی گئی۔
نومنتخب امریکی صدر نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر کہا کہ ’ابھی میکسیکو کے نئے صدر کے ساتھ زبردست بات چیت ہوئی، وہ میکسیکو سے امریکہ کی طرف ہجرت کو روکنے پر رضامند ہو گئی ہے، اور ہماری جنوبی سرحد کو مؤثر طریقے سے بند کر رہی ہیں۔‘
دوسری طرف صدر شئین بام نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا فوری جواب دیا، اور اس بات پر اصرار کیا کہ انہوں نے میکسیکو سے امریکہ کی جانب ہجرت کی موجودہ ’جامع حکمت عملی‘ کی وضاحت کی ہے۔
صدر شئین بام نے کہا کہ اس حکمت عملی کی بدولت تارکین وطن کی سرحد پر پہنچنے سے پہلے دیکھ بھال کی جاتی ہے ، ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ میکسیکو کا موقف سرحدوں کو بند کرنا نہیں بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان پل بنانا ہے۔‘