لبنان میں جنگ بندی کے بعد غزہ میں جنگ بندی کے لیے تیار ہیں:حماس
لبنان میں جنگ بندی کے بعد غزہ میں جنگ بندی کے لیے تیار ہیں:حماس
غزہ:فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ ہم لبنان میں جنگ بندی کے بعد غزہ میں جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس کے سینیر عہدیدار نے لبنان میں جنگ بندی کو خوش آئند اقدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بھی جنگ بندی کو تیار ہیں۔ اس حوالے سے ثالث کا کردار ادا کرنے والے ممالک مصر، قطر اور ترکیہ کو مطلع کردیا ہے۔
حماس عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تنظیم جنگ بندی معاہدے اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے سنجیدہ معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اسرائیل کا رویہ جنگ بندی معاہدے میں رکاوٹ سبب ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بمباری سے ایک اسکول میں پناہ لینے والے 13 افراد شہید ہوگئے۔ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 44 ہزار 249 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 4 ہزار 746 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہدا اور زخمیوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔