سوڈان ناکام ریاست بننے کے خطرے سے دوچار
سوڈان ناکام ریاست بننے کے خطرے سے دوچار
خرطوم: ایک معروف بین الاقوامی امدادی ادارے کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان جنگ کی تباہ کاریوں کے باعث ایک اور ناکام ریاست بننے کے خطرے سے دوچار ہے۔
ناروے کی پناہ گزین کونسل (این آر سی) کے سربراہ جان ایگیلینڈ نے برطانوی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ سوڈان میں مسلح گروہوں کا پھیلاؤ اور سول سوسائٹی کا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا ملک کی تباہی کا سبب بن رہا ہے۔
ایگیلینڈ کے مطابق، سوڈان میں فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جاری جنگ کے ساتھ ساتھ متعدد چھوٹی نسلی افواج لوٹ مار اور بے قابو تشدد میں ملوث ہیں، جس سے شہریوں کی حالت بے حد خراب ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف مسلح گروہ اپنے ہی گھروں کو تباہ کر رہے ہیں اور اپنے ہی لوگوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔”
19 ماہ سے جاری یہ جنگ ایک کروڑ سے زائد افراد کو بے گھر کر چکی ہے، اور ملک کو قحط کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، سوڈان میں بھوک تقریبا ہر جگہ پھیل چکی ہے، اور امدادی ادارے غذائی بحران کو روکنے کے لیے ناکافی وسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔