ٹرمپ نے پینٹاگون افسران کو برطرف کرنے کیلئے لسٹیں بنانا شروع کر دیں،غیرملکی خبر ایجنسی کا دعویٰ
ٹرمپ نے پینٹاگون افسران کو برطرف کرنے کیلئے لسٹیں بنانا شروع کر دیں،غیرملکی خبر ایجنسی کا دعویٰ
واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کی عبوری انتظامی ٹیم نے امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے افسران کو برطرف کرنے کے لیے لسٹیں بنانےکا آغاز کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی عبوری ٹیم نے متعدد پینٹاگون افسران کو عہدوں سے برطرف کرنے کےلیے ان کی لسٹیں بنانے کا آغاز کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن افسران کو برطرف کیا جاسکتا ہے ان میں ممکنہ طور پر جوائنٹ چیف آف اسٹاف بھی شامل ہوسکتے ہیں جن میں چیئرمین اور وائس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، بری، بحری اور فضائی افواج سمیت نیشنل گارڈز کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ ٹرمپ کی عبوری ٹیم کے قریب سمجھے جانے والے ایک ذریعے کا بتانا ہے کہ زیادہ تر ان افسران کو نکالا جاسکتا ہے جنہیں ٹرمپ کی گزشتہ صدارت میں چیف آف اسٹاف رہنے والے مارک ملی سے منسلک سمجھا جاتا ہے۔
خبر ایجنسی نے لکھا کہ ذریعے نے مزید بتایا کہ افسران کی ایک تفصیلی فہرست بنائی جارہی ہے اور ہر افسر جنہیں مارک ملی نے مقرر کیا یا ترقی دی انہیں نکالا جائیگا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صحافی باب ووڈورڈ کی گزشتہ ماہ چھپنے والی کتاب ‘WAR’ میں مارک ملی کا حوالہ دے کر ٹرمپ کو ایک فاشسٹ رہنما کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی دفاعی اداروں کے افسران اور ان کے پروفیشنل کردار سے متعلق تنقید کرتے رہے ہیں۔