رشی کپور کے ساتھ پہلی ملاقات ’خوفناک‘ تھی، نیتو سنگھ کا انکشاف
ممبئی: بالی وڈ کی سینئر اداکارہ نیتو سنگھ نے اپنی شوہر رشی کپور سے پہلی ملاقات کو ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیتو سنگھ نے ایک ریڈیو شو میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی ملاقات میں رشی کپور نے ان کے میک اپ اور کپڑوں پر تبصرہ کیا جس سے انہیں بہت غصہ آیا۔نیتو سنگھ کے مطابق فلم ’بوبی‘ کی کامیابی کے بعد رشی کے پاس کوئی اور ہیروئن نہیں تھی کیونکہ وہ سب عمر میں بڑی لگتی تھیں اور نیتو واحد نوجوان اداکارہ تھیں۔انہوں نے بتایا کہ جب دونوں نے منگنی کرنے کا فیصلہ کیا، تو انہوں نے سائن کی ہوئی فلموں کی رقم واپس کر دی اور زیر التوا فلموں کو جلد مکمل کرنے کا نوٹس دیا۔نیتو سنگھ اور رشی کپور کی منگنی 13 اپریل 1979 کو ہوئی اور دونوں نے 1980 میں شادی کی، شادی کے بعد نیتو سنگھ نے فلمی کیرئیر کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کے دو بچے، رنبیر اور ریدھیما کپور ہیں۔یاد رہے کہ رشی کپور خون کے سرطان میں مبتلا تھے اور 2020 میں ممبئی میں انتقال کر گئے۔