جرمنی کا مسلم رہنما کو 11 ستمبر تک ملک چھوڑنے کا حکم
فرینکفرٹ: جرمنی نے کالعدم مسلم تنظیم اسلامک زینٹرم ہیمبرگ (IZH) کے سربراہ 57 سالہ محمد ہادی مُفَتِّح کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی نے کالعدم مسلم تنظیم کے سربراہ محمد ہادی مُفَتِّح کو ملک چھوڑنے کے لیے 11 ستمبر تک کی مہلت دی ہے جس کے بعد انھیں زبردستی ملک بدر کردیا جائے گا۔جرمنی کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد ہادی مُفَتِّح کی تنظیم آئی زیڈ ایچ کی ویب سائٹ اور اس سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی ہٹا دیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد ہادی مُفَتِّح کی تنظیم آئی زیڈ ایچ کے زیر انتظام جرمنی کی قدیم ترین مساجد ہیں جو اپنے فیروزی رنگ کے باعث ایک الگ شناخت رکھتی ہیں۔جرمنی کے انٹیلی جنس ادارے کا کہنا ہے کہ 2018 سے مسلم تنظیم اسلامک زینٹرم ہیمبرگ کی سربراہی کرنے والے محمد ہادی مُفَتِّح نے خامنہ ای کے براہ راست نمائندے کے طور پر کام کیا اور جرمنی میں خمینی طرز پر اسلامی انقلاب برپا کرنے کی کوشش کی۔جس پر رواں ماہ جولائی میں محمد ہادی مُفَتِّح کی تنظیم IZH اور ان کی ذیلی تنظیموں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ردعمل میں ایران نے جرمن سفیر کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔