ٹی سیریز کے بانی و فلمساز کرشن کمار کی بیٹی کی اچانک موت
ممبئی: بھارت کی سب سے بڑی میوزک پروڈکشن کمپنی ٹی سیریز کے مشترکہ بانی اور فلسماز کرشن کمار کی بیٹی تیشا کمار کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے چل بسیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار و فلمساز کرشن کمار کی 20 سالہ بیٹی تیشا کمار گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے جان لیوا مرض میں مبتلا تھیں اور وہ علاج کے لیے جرمنی میں مقیم تھیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تیشا کمار نے 18 جولائی کو جرمنی میں ہی اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں جبکہ آج 19 جولائی کو ٹی سیریز کی جانب سے اُن کی موت کی خبر سامنے آئی۔تیشا کمار کی سالگرہ میں دو ماہ سے کم وقت باقی رہ گیا تھا، وہ بہت جلد 21 برس کی ہونے والی تھیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیشا کمار کو آخری بار اپنے والد کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ‘انیمل’ کے پریمیئر پر دیکھا گیا تھا۔تیشا کمار کی موت کے حوالے سے کرشن کمار کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ خاندان کے لیے مشکل وقت ہے اور ہم گزارش کرتے ہیں کہ خاندان کی رازداری کا احترام کیا جائے۔واضح رہے کہ کرشن کمار ٹی سیریز کے بانی گلشن کمار کے چھوٹے بھائی ہیں، وہ ماضی میں کئی بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔