عالیہ بھٹ نے امبانی کی شادی میں 160 سال پُرانی ساڑھی پہن کر جلوے بکھیرے
ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ نے ایشیا کے امیرترین بھارتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں 160 سال پُرانی ساڑھی زیب تن کی۔گزشتہ 7 ماہ سے جاری تقریبات کے بعد بالآخر اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں اور اس طویل شادی کو ’ویڈنگ آف دی ائیر‘ کا خطاب بھی دیا جارہا ہے۔اس شادی میں بالی ووڈ سمیت دُنیا بھر کے شوبز ستاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی، شادی کی تقریب کے بعد، تمام اسٹارز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں۔ایسے میں عالیہ بھٹ نے بھی اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب کی اپنی تصاویر انسٹاگرام پر جاری کردی ہیں۔عالیہ بھٹ نے گلابی اور گولڈن رنگ کی خوبصورت ساڑھی زیب تن کی جس کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ساڑھی 160 سال پرانی ہے جو گجرات میں خالص ریشم اور اصلی زری بارڈر سے تیار کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالیہ بھٹ کی چھ گز کی قدیم ساڑھی کی تیاری میں 99 فیصد خالص چاندی اور تقریباً 6 گرام اصلی سونا استعمال کیا گیا ہے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ یہ قدیم ساڑھی معروف بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا کی خاص آرکائیو ویو کلیکشن کا حصہ ہے جس نے بھارت کی ثقافتی میراث کو محفوظ کیا ہوا ہے۔عالیہ بھٹ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ میں صدی پُرانے پلو میں محبت کا جشن منایا۔