موریطانیہ؛ تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 89 افراد ہلاک

یورپ جانے کی کوشش میں 170 تارکین وطن سمندر میں ڈوب گئے جن میں سے 89 کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی الٹنے کا واقعہ افریقی ملک ماریطانیہ کے جنوب مغربی شہر اینڈیاگو سے تقریباً چار کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ کوسٹ گارڈ نے پانچ سالہ بچی سمیت 9 افراد کو زندہ بچا لیا۔امدادی کاموں کے دوران اب تک 89 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ اب بھی 70 سے زائد افراد لاپتا ہیں جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی سینیگال اور گیمبیا کی سرحد سے روانہ ہوئی تھی جس میں 170 مسافر سوار تھے۔واضح رہے کہ افریقی اور غریب ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں سالانہ تارکین وطن یورپ میں اچھے مستقبل اور بہتر روزگار کے لیے غیر قانونی طور پر یورپ آنے کے لیے خطرناک راستوں کا انتخاب کرتے ہیں اور ایسے واقعات میں بے موت مارے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں