ناکامی نظرانداز، پروٹیز کپتان کو پلیئرز پرفخر
کراچی: جنوبی افریقی کپتان ایڈین مارکرم ورلڈ کپ فائنل میں ناکامی پر انتہائی مایوس ہیں، انھوں نے کہا کہ بھارت سے فیصلہ کن معرکے میں شکست کچھ تکلیف دہ رہی لیکن ناکامی کے باوجود مجھے اپنے پلیئرز کی پرفارمنس پر فخر ہے، جنھوں نے ٹیم کو فتح کے انتہائی قریب پہنچایا۔پروٹیز قائد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے ثابت کردکھایا کہ ہم فائنلسٹ سائیڈ بننے کی مکمل اہلیت رکھتے تھے، موجودہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی مہم کے دوران کئی میچز ہمارے لیے ناقابل یقین ہے اور ہم نے ہر بار خسارے میں ہونے کے باوجود فتح کو اپنا مقدر بنایا تھا، ہم نے آخری گیند تک بھرپور مزاحمت پیش کی، ہم کبھی پرسکون نہیں رہے۔فائنل میں بھی بھارت کیخلاف ایک مرحلے پر پروٹیز کو اختتامی 5 اوورز میں 30 رنز درکار تھے لیکن پھر بھی جنوبی افریقہ اولین ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی سے محروم رہا۔معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے فورکاسٹر نے جنوبی افریقا کی فتح کا امکان 96.65 فیصد ظاہر کیا تھا، جنوبی افریقی کپتان ایڈین مارکرم کو اپنے پلیئرز پر فخر ہے، جنھوں نے فائنل میں ناکامی سے قبل لگاتار 8 فتوحات کو گلے لگایا تھا۔