سوناکشی سنہا کے اسلام قبول کرنے کی خبروں پر سسر کا ردعمل

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کے اسلام قبول کرنے سے متعلق خبروں پر اُن کے ہونے والے شوہر ظہیر اقبال کے والد کا بیان سامنے آگیا۔لیجنڈری اداکار شتروگھن سنہا کی اکلوتی بیٹی سوناکشی سنہا 23 جون اتوار کے روز اپنے دیرینہ مسلمان دوست ظہیر اقبال کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی، اداکارہ کی شادی سے قبل یہ افواہیں زیرِ گردش ہیں کہ وہ اسلام قبول کرنے والی ہیں، تاہم اُن کے ہونے والے سُسر نے ان تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ظہیر اقبال کے والد نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی ہندو مذہب یا اسلام کے مطابق نہیں ہوگی بلکہ یہ ایک سول میرج ہوگی۔ظہیر اقبال کے والد نے کہا کہ سوناکشی سنہا اپنا مذہب تبدیل نہیں کر رہیں، یہ دو دلوں کا اتحاد ہے، سوناکشی اور ظہیر نے مذہب کے نام پر محبت نہیں کی، لہٰذا شادی کے بعد بھی دونوں اپنے اپنے مذہب کے ساتھ ہی زندگی گزاریں گے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں انسانیت پر یقین رکھتا ہوں، ہمارا تعلق بےشک کسی بھی مذہب سے ہو، بالآخر ہم سب انسان ہی ہیں، میری دُعائیں ظہیر اور سوناکشی کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال 7 برس سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور 23 جون کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ شادی کا ایک لیک ہونے والا دعوت نامہ بھی منظر عام پر آیا ہے۔شادی کے دعوت نامے کو کسی میگزین کے سرورق کی طرح ڈیزائن کیا گیا تھا اور اس میں سوناکشی اور ظہیر اقبال کی تعطیلات مناتے خوبصورت تصاویر دکھائی گئی ہیں۔یاد رہے کہ سوناکشی اور ظہیر اقبال نے 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ڈبل ایکس ایل‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں