تیسرے غیر ملکی سابق کرکٹر نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی آفر مسترد کردی
زمبابوے کے سابق کرکٹر اینڈی فلاور اور سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے بعد سابق آسٹریلوی بلے باز جسٹن لینگر نے بھی بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی آفر ٹھکرا دی۔مسلسل تیسرے غیر ملکی سابق کرکٹر نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی آفر ٹھکرا دی۔آسٹریلوی بلے باز نے بی بی سی کے اسٹمپڈ پوڈ کاسٹ میں کہا کہ کوچنگ کا کام انتہائی تھکا دینے والا ہوتا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے انڈین انٹرنیشل کرکٹر کے ایل راہل سے بھی بات چیت کا حوالہ دیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کے ایل راہل نے انہیں کہا تھا کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کو جس ’سیاست اور دباؤ‘ کا سامنا ہوتا ہے وہ آئی پی ایل کے کوچ سے ’ہزار گنا‘ زیادہ ہے۔جسٹن لینگر نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ اچھا مشورہ تھا۔جسٹن لینگر نے کہا ’آفر اچھی ہے لیکن آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ 4 سال تک یہ کام کرنے کے بعد اندازہ ہوا کہ یہ واقعی تھکا دینے والا ہے۔‘قبل ازیں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی آفر قبول کرنے سے انکار کردیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ میں اس وقت اپنی فیملی اور گھر والوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔اس کےعلاوہ زمبابوے کے سابق کرکٹر اینڈی فلاور نے واضح کیا تھا کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ راہول ڈریوڈ کی ٹی 20 ورلڈکپ آخری اسائنمنٹ ہوگی۔