طالبان نے بشام حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا دعویٰ مسترد کردیا
کابل: افغان وزارت دفاع نے پاکستان کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ ماہ بشام میں چینی انجنیئروں پر حملے میں افغانستان کے شہری ملوث تھے۔خبرایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت قومی دفاع کے ترجمان مفتی عنایت اللہ خورازمیم نے بیان میں کہا کہ افغان شہری اس طرح کے کسی حملے میں ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات پر افغانستان پر الزامات عائد کرنا معاملے کی حقیقت سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے اور ہم اس کو سختی سے رد کرتے ہیں۔مفتی عنایت اللہ خورازمیم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے علاقے میں پاک فوج کی سخت سیکیورٹی کے حصار میں چینی شہریوں کا قتل سے پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیز کی کمزوری ظاہر ہو رہی ہے۔انہوں نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ کابل پر الزام عائد کرکے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں اور کہا کہ ہم اس تاثر کو سختی سے رد کرتے ہیں، امارت اسلامی نے اس معاملے پر چین کو یقین دلایا ہے اور وہ حقیقت سمجھ چکے ہیں کہ افغان شہری اس طرح کے کسی معاملے میں ملوث نہیں ہیں۔یاد رہے کہ مارچ میں بشام میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستانی ڈرائیور سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور مذکورہ انجینئرز شاہراہ قراقرم میں تعمیر ہونے والے ڈیم کا کام کر رہے تھے۔