شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کی 100 کروڑ مالیت کی جائیداد ضبط کرلی گئی
ممبئی: بالی ووڈ اسٹار شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کی تقریباً 100 کروڑ مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بٹ کوائن فراڈ کیس میں راج کندرا کی جائیدادیں ضبط کی ہیں جن میں جوہو میں واقع اُن کا ایک رہائشی فلیٹ ہے جو شلپا شیٹھی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔اس کے علاوہ دیگر جائیدادوں میں راج کندرا کا پونے میں ایک رہائشی بنگلہ اور ساتھ ہی اُن کے شیئرز شامل ہیں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ضبط کیے گئے فلیٹ، بنگلے اور شیئرز کی مالیت بھارتی 97 کروڑ سے زائد بتائی جارہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ راج کندرا ’پونزی اسکیم‘ (Ponzi Scam) میں ملوث تھے، یہ دھوکہ دہی کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں سرمایہ کاروں سے منافع کا جھوٹا وعدہ کیا جاتا تھا۔اس اسکیم میں ملوث فراڈیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس اسکیم کی جانب راغب کرتے ہیں اور پھر پُرانے سرمایہ کاروں کے فنڈز سے نئے سرمایہ کاروں کو منافع ادا کرتے ہیں۔تفتیش میں الزام لگایا گیا ہے کہ سال 2017 میں راج کندرا نے بِٹ کوائنز میں تقریباً 6,600 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی اور سرمایہ کاروں سے 10 فیصد ماہانہ منافع کا وعدہ کرکے دھوکے سے اُن سے رقم وصول کی تھی۔