ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی ضرورت ہے۔اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ نے عمران خان کے حق میں اور آصف زرداری کے خلاف چور چور، گو زرداری گو کے نعرے لگائے۔ تحریک انصاف کے ارکان نے عمران خان کی تصاویر بھی لہرا دیں۔ جمشید دستی نے صدر زرداری کے سامنے جاکر عمران خان کی تصویر والا پوسٹر رکھ دیا۔پی ٹی آئی ارکان ایوان میں سیٹیاں بجاتے اور شور شرابہ کرتے رہے جس کے نتیجے میں ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی ضرورت ہے، آج ہمارے ملک کو دانشمندی اور پختگی کی ضرورت ہے، امیدہے اراکین ِپارلیمنٹ اختیارات کا دانشمندی سے استعمال کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ تمام لوگوں اور صوبوں کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک ہونا چاہیے ، میری رائے میں آج ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا وقت ہے، آج کے دن کو ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھیں ، اپنےلوگوں پر سرمایہ کاری کرنے ، عوامی ضروریات پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی کی راہیں کھولنا ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں