آئی پی ایل؛ بھارتی فرنچائز نے کرکٹرز کو ایک دوسرے کا دشمن بنا دیا

کراچی: آئی پی ایل نے بھارتی کرکٹرز کو ایک دوسرے کا دشمن بنا دیا جب کہ ممبئی انڈینز کے ڈریسنگ روم کا ماحول انتہائی کشیدہ ہوچکا۔آئی پی ایل کی وجہ سے بھارتی کرکٹرز ایک دوسرے کے ہی مخالف ہونا شروع ہو گئے ہیں، ممبئی انڈینز نے نیلامی میں ہردیک پانڈیا کی خدمات بطور کپتان حاصل کیں، جس پر سابق کپتان روہت شرما خوش نہیں اور وہ پانڈیا کو مکمل طو پر نظرانداز کیے ہوئے ہیں، پہلے میچ میں جب پانڈیا نے انھیں گلے لگانا چاہا تو روہت نے ہاتھ سے انھیں روک دیا تھا، جسپریت بمرا بھی منہ پھلائے گھوم رہے ہیں۔اب تک ممبئی انڈینز کو تینوں میچز میں شکست ہوچکی، پہلے مقابلے میں گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں 6 رنز پھر سن رائزرز حیدرآباد سے 31 رنز اور راجستھان رائلز کے ہاتھوں 6 وکٹ کی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔روہت شرما 3 اننگز میں صرف 69 رنز بناسکے ہیں، جسپریت بمرا نے صرف 2 وکٹیں لیں جبکہ ہردیک پانڈیا بیٹنگ، بولنگ اور کپتانی تینوں شعبوں میں بْری طرح ناکام ثابت ہوئے، انھیں شائقین کی جانب سے مسلسل ہوٹنگ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ممبئی انڈینز کے ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں۔قومی کرکٹرز کی باہمی چپقلش کو جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارتی مہم کیلیے بھی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں