میکسیکو نے سفارتخانے میں فورسز کے چھاپے کے بعد ایکواڈور سے سفارتی تعلقات معطل کردیے
میکسیکو نے سفارتخانے میں فورسز کے چھاپے کے بعد ایکواڈور سے سفارتی تعلقات معطل کردیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایکواڈور کے دارالحکومت کوئیٹو میں واقع میکسیکو کے سفارتخانے میں اسپیشل فورسز نے چھاپہ مارا جہاں سے ایکواڈور کے سابق نائب صدر جارج گلاس کو گرفتار کیا گیا جو وہاں سیاسی پناہ کے لیے موجود تھے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میکسیکو نے سفارتخانے میں پولیس کے زبردستی گھسنے اور چھاپے پر احتجاجاً ایکواڈور سے اپنے سفارتی تعلقات معطل کردیے۔رپورٹس کے مطابق ایکواڈور کے سابق صدر جارج گلاس کو کرپشن کے مقدمات میں دو مرتبہ سزا سنائی گئی ہے جس کے بعد وہ گزشتہ برس دسمبر سے میکسیکو کے سفارتخانے میں موجود تھے۔رپورٹس کے مطابق ایکواڈور کی اسپیشل فورسز پوری تیاری کے ساتھ جمعہ کی رات سفارتخانے میں داخل ہوئیں اور سابق نائب صدر کو گرفتار کرلیا۔میکسیکو کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ سفارتخانے نے جارج گلاس کو سیاسی پناہ کی پیشکش کی تھی۔میکسیکو کی جانب سے جارج گلاس کو ملک سے بحفاظت واپسی کا راستہ دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔