آئی پی ایل: بھارتی کھلاڑی کی ڈریسنگ روم میں شرمناک حرکت، جیل جانے کا امکان
تنازعات کی زد میں رہنے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ایک اور نیا تنازع سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کھلاڑی ریان پراگ پر ڈریسنگ روم میں شرمناک حرکت کے باعث پابندی لگنے کا امکان ہے۔
بدھ کے روز راجستھان رائلز نے پنجاب کنگز کی جیت کا سلسلہ توڑ دیا مگر میچ کے بعد گفتگو کا مرکز کارکردگی نہیں بلکہ کپتان ریان پراگ کی ایک ویڈیو بن گئی۔
میچ کے دوران لائیو کیمروں میں وہ ڈریسنگ روم میں ویپنگ کرتے ہوئے نظر آئے جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
ناقدین نے اس عمل پر سوالات اٹھادیے، اسٹیڈیمز اور خاص طور پر ڈریسنگ رومز میں سگریٹ نوشی یا ویپنگ سختی سے ممنوع ہے۔
معاملہ صرف قوانین کی خلاف ورزی تک محدود نہیں رہا بلکہ قانونی پیچیدگی بھی پیدا ہوگئی ہے۔
بھارت میں 2019 کے قانون ’پروہیبیشن آف الیکٹرانک سگریٹس ایکٹ (پیکا)‘ کے تحت ای سگریٹس اور ویپس کی تیاری، فروخت، خریداری، درآمد و برآمد اور تشہیر پر مکمل پابندی ہے۔
اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور قید جیسی سزاؤں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔



