نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان 5اپریل کو متوقع

لاہور: نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان پانچ اپریل تک متوقع ہے، شاہین شاہ آفریدی کو ابتدائی میچز میں آرام کرانے کی تجویز ہے جبکہ نسیم شاہ کو بھی منتخب میچز میں ہی کھلایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سلیکٹرز کی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں پر مشاورت جاری ہے، کپتان بابر اعظم سے بھی رائے لینے کے بعد نام منظوری کے لیے کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو بھجوائے جائیں گے۔پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی آج کاکول اکیڈمی میں کپتان بابر اعظم سمیت قومی کرکٹرز سے ملاقات کریں گے۔ سلیکٹرز آج پی سی بی چیئرمین کو کھلاڑیوں کی فٹنس پر رپورٹ دیں گے۔ سلیکشن کمیٹی ارکان ان دنوں فٹنس کیمپ میں موجود ہیں اور وہ ہر سیشن میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ محسن نقوی نے سلیکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔دوسری جانب، شاہین شاہ آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں آرام دیے جانے کا امکان ہے، ورک لوڈ کم کرنے کے لیے شاہین کو ابتدائی میچز میں ریسٹ دینے کی تجویز پر غور ہو رہا ہے، شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ سلیکٹرز نسیم شاہ کو بھی انجری اور ورک لوڈ سے بچانے کے لیے منتخب میچز میں کھلانے کے خواہشمند ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں