ٹام ہالینڈ کو ’اسپائیڈر مین‘ بننے کی خبر انسٹاگرام سے ملی، دلچسپ انکشاف

ٹام ہالینڈ کو ’اسپائیڈر مین‘ بننے کی خبر انسٹاگرام سے ملی، دلچسپ انکشاف

ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلی بار ’اسپائیڈر مین‘ کا کردار ملنے کی خبر ایک غیر متوقع انداز میں سوشل میڈیا کے ذریعے ملی، جس نے انہیں خود بھی حیران کر دیا۔
ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ٹام ہالینڈ نے بتایا کہ وہ اس کردار کے لیے کئی ہفتوں سے بے چینی کے ساتھ انتظار کر رہے تھے، مگر انہیں کسی قسم کی براہِ راست اطلاع نہیں دی گئی۔ اسی دوران مارول اسٹوڈیوز نے انسٹاگرام پر اسپائیڈر مین سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں مداحوں کو ویب سائٹ پر جا کر نئے اسپائیڈر مین کا نام جاننے کا کہا گیا تھا۔
ٹام کے مطابق جب وہ ویب سائٹ پر گئے تو وہاں یہ اعلان دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ انہیں ہی نیا اسپائیڈر مین منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک وہ یہ سمجھ چکے تھے کہ شاید انہیں یہ کردار نہیں ملا کیونکہ اسٹوڈیو کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ بعد میں اسٹوڈیو کے صدر نے انہیں فون کرکے یہ خوشخبری سنائی، مگر اس وقت تک وہ خود سوشل میڈیا کے ذریعے سب کچھ جان چکے تھے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے فون پر ہی بتا دیا کہ انہیں پہلے ہی اس کا علم ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ ٹام ہالینڈ نے 2016 میں فلم ’’کیپٹن امریکا: سول وار‘‘ کے ذریعے اسپائیڈر مین کے طور پر ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ کئی فلموں میں یہ کردار ادا کرچکے ہیں، جن میں ’’ایوینجرز: انفینیٹی وار‘‘ اور ’’ایوینجرز: اینڈ گیم‘‘ بھی شامل ہیں۔
مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ ٹام ہالینڈ ایک بار پھر اس مشہور سپر ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے، کیونکہ ان کی نئی فلم ’’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘‘ 31 جولائی کو ریلیز کے لیے شیڈول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں