صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے والد سے ملاقات، جذباتی ویڈیو وائرل
لاہور:ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے بوڑھے والد سے ملاقات ہو گئی جس کی جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے دوران صاحبہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنے سگے والد کو نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی ان سے ملاقات ہوئی کیونکہ اداکارہ کی پیدائش سے پہلے ہی ان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔صاحبہ کا کہنا تھا کہ ان کی پیدائش کے بعد بھی والد نے کبھی ان سے ملنے کی کوشش نہیں کی، اسی وجہ سے ان کے دل میں کبھی اپنے سگے والد کے لیے باپ والے جذبات نہیں آئے۔صاحبہ نے اس انٹرویو کے تقریباً ایک ماہ بعد 11 مارچ کو اپنے سگے والد سے زندگی میں پہلی بار ملاقات کی ہے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صاحبہ جذباتی ہوتے ہوئے اپنے والد سے پوچھتی ہیں کہ میرا کیا قصور تھا جو آپ نے کبھی مجھ سے ملاقات کرنے کی کوشش بھی نہیں کی اور پیدائش کے وقت میرا چہرہ تک نہیں دیکھا۔