ایران کے میزائل کو ریاض کی فضاؤں میں بھی تباہ کردی، سعودی عرب
سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے دارالحکومت ریاض اور ملک کے مشرقی علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ریاض کی جانب میزائل داغے جسے فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے فضا میں ہی ناکام بنا دیا۔بیان میں ایرانی میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ ایسے حملوں کو کسی بھی جواز کے تحت درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ایران کو واضح طور پر آگاہ کردیا گیا تھا کہ سعودیہ اپنی فضائی حدود یا سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔تاہم اس یقین دہانی کے باوجود ایران نے سعودی عرب میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔سعودی حکام نے اس اقدام کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مملکت اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔



