آپریشن غضب للحق میں 274 طالبان مارے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق میں ابتک 274 افغان رجیم کے اہلکار اور خوارج مارے جاچکے ہیں اور 400 زخمی ہیں، اب تک ہمارے 12 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، 27 زخمی اور ایک لاپتا ہے۔راولپنڈی میں اہم پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ 21 اور 22 فروری کی شب پاک فوج نے افغانستان میں قائم فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، افغان رجیم نے اسے بنیاد بناکر خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد کے 15 سیکٹر میں 53مقامات پر فائرنگ کی، یہ جارحیت افغان رجیم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم نے مل کر کی، حملوں سے واضح ہے کہ افغان رجیم ماسٹر پروکسی ہے اس کے نیچے یہ دہشت گرد کام کررہے ہیں جس کا بھرپور جواب دیا گیا، کابل، پکتیا، قندھار میں اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔انہوں ںے بتایا کہ 53 مقامات پر حملوں کا 53 مقامات سے بھرپور جواب دیا گیا، پاک فضائیہ نے 22 مقامات پر فضائی حملے کیے، جوابی حملوں کے نتیجے میں اب تک 274 طالبان رجیم کے اہلکار اور خوارج مارے جاچکے ہیں، 400 زخمی ہیں، 115 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور اے پی سیز تباہ ہوچکی ہیں، 18 افغان چوکیاں پاکستان کے قبضے میں ہیں اور 73 پوسٹیں تباہ کرچکے ہیں، ان جگہوں پر دہشت گرد لاشیں چھوڑ کر بھاگ نکلے۔



