شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کیلئے اپنی پڑھائی چھوڑی، حریم فاروق کا انکشاف
لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری جوائن کرنے کیلئے اپنی پڑھائی چھوڑی۔حال ہی میں اداکارہ حریم فاروق نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی فنی ونجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کی روداد سناتے ہوئے بتایا کہ میں قانون کی پڑھائی کر رہی تھی تو ایک دن سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر والدین کو کہہ ڈالا کہ میں اب ڈراموں میں اداکاری کیا کروں گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ سن کر والدین کو محسوس ہوا کہ ابھی اس نے ایک تھیٹر ڈرامہ کیا ہے تو نیا نیا شوق ہے اتر جائے گا ، جس کی وجہ سے کہنے لگے کہ تم ایسا کرو کہ پہلے اپنی پڑھائی مکمل کر لو ، پھر جو چاہے وہ کر لینا۔حریم کا کہنا تھا کہ جب مجھے پہلا تھیٹر ڈرامہ عثمان خالد بٹ نے آفر کیا تو میں نے فوراً سے منع کر کے فون کاٹ دیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دراصل ہوا کچھ یوں تھا کہ اس نے مجھے کہا کہ ہماری ہیروئن بھاگ گئی ہے تو تم آ جاؤ اور آڈیشن دے کر ڈرامہ کر لو، جس پر میں نے پہلے یہ محسوس کیا کہ کسی کا چھوڑا ہوا ڈرامہ میں کیوں کروں، لیکن اس کے بعد میں نے خود عثمان کو فون کیا اور ڈرامے کیلئے چلی گئی۔