ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 143 ہوگئی، حملہ آور گرفتار
ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال کے اندر موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی اور دستی بم پھینکے، جس کے سبب 143 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے، حملے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں فوجی وردی میں ملبوس 5 دہشت گردوں نے کروکس سٹی ہال میں فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 143 افراد ہلاک اور درجنوں شہری زخمی ہو گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق 5 مسلح افراد نے کروکس سٹی ہال داخل ہوئے اور کنسرٹ شروع ہونے سے قبل جہاں پر 6,200 افراد موجود تھے ان پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ساتھ ہی دستی بموں سے حملہ کیا۔جائے وقوع پر موجود ایک صحافی نے بتایا کہ مسلح افراد نے خودکار فائرنگ کی اور دستی بم یا آگ لگانے والا بم پھینکا جس سے آگ تیزی سے کنسرٹ ہال میں پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد ہال میں موجود لوگوں پر تقریباً 20 منٹ تک گولیاں برساتے رہے۔روسی ریسکیو سروسز نے کروکس سٹی ہال کے تہہ خانے سے تقریباً 100 سے زائد افراد کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کیا تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر فائٹنگ عملے نے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ نیشنل گارڈ فورس حملہ آوروں کی تلاش کر رہی ہے۔روسی میڈیا کے مطابق کراکس سٹی ہال پر حملے کے بعد ماسکو سمیت مختلف علاقوں میں تقریبات منسوخ کردیں۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کو دہشت گردی قرار دے اور اس کی مذمت کرے۔