سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی

سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی

سعودی عرب پر یمن کے حوثی گروپ کے میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی آگئی ہے۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے مشرقی صوبے اور ریاض کے علاقے میں مزید ڈرونز کو روکنے اور تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ حوثیوں نے سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن اور بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں تیل کی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔عرب نیوز اور خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی فضائی حدود میں ایک اور ڈرون کو روک کر تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے ڈرون کے مقامِ پرواز، ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔سعودی اتحاد نے جمعرات کو ریاض کے علاقے میں بھی ڈرونز روکنے کی اطلاع دی۔ عرب نیوز نے دارالحکومت کے علاقے میں دو الگ الگ واقعات میں ڈرونز کی تباہی کی خبر دی، جبکہ انادولو کے مطابق ریاض اور مشرقی صوبے میں ڈرونز کو روکا گیا۔اس سے ایک روز قبل بدھ کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب آنے والے تین کروز میزائلوں اور مکہ مکرمہ سمیت جنوبی سعودی عرب کی سمت بڑھنے والے دو ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق روکے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ مکہ ریجن کے گاؤں صبوحہ میں گرا تھا۔ فراہم کردہ رپورٹ میں ان واقعات کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں