امریکی وزیر خارجہ غزہ جنگ بندی پر بات چیت کیلئے اسرائیل پہنچ گئے
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرقی وسطیٰ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اسرائیل پہنچ گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن جمعہ کے روز تل ابیب پہنچے جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے جس میں غزہ جنگ بندی سے متعلق بات کی جائے گی۔رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مشرقی وسطیٰ کے دورے کے دوران قاہرہ سے اسرائیل پہنچے ہیں جہاں ان کی اسرائیلی حکومت سے غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم پر بات ہوگئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ امریکی وزیر خارجہ اسرائیلی حکومت پر رفح میں گراؤنڈ آپریشن نہ کرنے پر زور دیں گے۔اس سے قبل انٹونی بلنکن نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے رفح میں فوجی آپریشن کی مخالفت کی تھی۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرو بھی وزرا سے بات چیت کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں جہاں کیمرون اور برطانوی وزیر دفاع گرانڈ شیپس نے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کی۔برطانوی اور آسٹریلوی وزرا کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں غزہ میں فوری سیز فائر کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے اور ساتھ ہی غزہ میں امداد کی بحالی سمیت یرغمالیوں کی رہائی کا بھی کہا گیا ہے۔مشترکہ اعلامیے میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہےکہ وہ فوری طور پر محفوظ طریقے سے غزہ میں امداد کی منتقلی کو یقینی بنائے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ تمام فریقین بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کریں۔