بھارت: وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی گرفتاری چیلنج کردی
بھارتی دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلی وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی گرفتاری عدالت میں چیلنج کردی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق بھارتی اپوزیشن کے ایک سرکردہ سیاست دان اپنی گرفتاری کا مقدمہ لڑنے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کی گرفتاری کا مقصد آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج کرنے والے سیاستدانوں کو سائیڈ لائن کرنا ہے۔دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلی اور انتخابات میں نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے بنائے گئے اپوزیشن اتحاد کے ایک اہم رہنما اروند کیجریوال کو بدعنوانی کی طویل عرصے سے جاری تحقیقات کے سلسلے میں گزشتہ روز حراست میں لے لیا گیا تھا۔وہ ان کئی رہنماؤں میں شامل ہیں جنہیں مجرمانہ تحقیقات کا سامنا ہے جب کہ ان کے ساتھی کیجریوال کی گرفتاری کو حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سیاسی سازش قرار دیتے ہیں۔