بطور کپتان میرا کردار اپنے کرکٹرز کی حفاظت کرنا ہے، بین اسٹوکس
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اپنے ساتھیوں کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
گزشتہ روز میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بین اسٹوکس نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی صحت میری سب سے اہم ترجیح ہے، مجھے خود اس طرح کے حالات کا براہِ راست تجربہ ہے کہ یہ انسان پر کیسے اثر ڈال سکتے ہیں۔
اسٹوکس نے کہا کہ بطور کپتان میرا کردار اپنے کرکٹرز کی حفاظت کرنا ہے، میں ہمیشہ اپنی پوری کوشش کروں گا کہ انہیں تحفظ فراہم کروں، ابھی یہی میری اصل ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کبھی آسان صورتحال نہیں ہوتی جب نہ صرف میڈیا بلکہ سوشل میڈیا بھی آپ پر حملہ آور ہو جائے، مشکل وقت میں جب آپ جانتے ہیں کہ آپ کے لیڈر ساتھ ہیں تو یہ احساس بہت حوصلہ دیتا ہے۔
اسٹوکس نے اعتراف کیا کہ جب آپ 0-3 سے سیریز ہار چکے ہوں تو جو بھی کہیں یا کریں، اْس پر تنقید ہونا فطری ہے، ایسے حالات میں آپ کے پاس کسی بات کا جواز نہیں رہتا۔



