ٹرمپ کا بی بی سی پر بڑا وار، 5 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر

ٹرمپ کا بی بی سی پر بڑا وار، 5 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے 6 جنوری کی تقریر کا ایڈٹ شدہ کلپ نشر کرنے پر بی بی سی کے خلاف امریکی ریاست فلوریڈا میں 5 ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ بی بی سی نے ان کی تقریر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا، جس سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا ہے کہ ادارے نے تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر یہ تاثر دیا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو کیپیٹل کی جانب مارچ اور تشدد پر اکسانے کی ہدایت دی۔
ٹرمپ کے مطابق حقیقت میں یہ جملے تقریر کے ایسے حصوں سے لیے گئے تھے جو تقریباً ایک گھنٹے کے وقفے سے ادا کیے گئے تھے، تاہم انہیں اس انداز میں جوڑا گیا جس سے غلط تاثر پیدا ہوا۔ اس معاملے پر ٹرمپ نے پہلے بی بی سی کو ایک ارب ڈالر ہرجانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
دوسری جانب بی بی سی نے اپنے عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے معذرت کر لی ہے۔
ادارے نے تسلیم کیا ہے کہ 6 جنوری 2021 کی تقریر کے حصوں کو اس طرح پیش کیا گیا جس سے یہ تاثر ابھرا کہ ٹرمپ نے براہِ راست تشدد پر اکسانے کی اپیل کی، جو درست نہیں تھا۔
اس تنازع کے بعد بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی اور بی بی سی نیوز کی سربراہ ڈیبورا ٹرنس اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں