تھائی لینڈ: فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی
تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 24 سالہ فٹبالر سوفوان آوائے جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 دیگر کھلاڑی زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک مقامی میچ کے دوران پیش آیا۔
پولیس کے مطابق بجلی میدان میں گری جس سے سوفوان آوائے شدید زخمی ہو گئے۔
ساتھی کھلاڑی فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچے اور ابتدائی طبی امداد بھی دی گئی اور فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال میں ڈاکٹروں کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔
زخمی ہونے والوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل ہے۔
سوفوان آوائے سیمکولٹس ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے اور حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی سے معاہدہ کیا تھا۔
کلب نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نسبتاً عام ہیں اور گزشتہ چند برسوں کے دوران اس طرح کے متعدد جان لیوا حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
