ڈیوڈ وارنر نے ’ڈرنک ڈرائیونگ‘ کا جرم قبول کرلیا، سڈنی تھنڈرز کی کپتانی خطرے میں

ڈیوڈ وارنر نے ’ڈرنک ڈرائیونگ‘ کا جرم قبول کرلیا، سڈنی تھنڈرز کی کپتانی خطرے میں

آسٹریلوی بگ بیش لیگ کی فرنچائز سڈنی تھنڈرز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کی قیادت خطرے میں پڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمے میں جرم قبول کرلیا ہے۔
بدھ کو ویورلے لوکل کورٹ میں سماعت کے دوران وارنر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی، ان کے وکیل بوبی ہل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا مؤکل ایسٹر سنڈے کے روز ہونے والے مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کے الزام کو تسلیم کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق 5 اپریل کو سڈنی کے مشرقی علاقے میں روڈ سائیڈ چیک کے بعد وارنر کو مزید ٹیسٹ کے لیے ماروبرا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں ان کا بلڈ الکحل لیول 0.104 ریکارڈ کیا گیا جو قانونی حد سے دو گنا سے بھی زیادہ تھا۔
وکیل نے بتایا کہ وارنر نے ایک دوست کے گھر تین گلاس شراب پی تھی اور بعد میں گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا جس پر انہیں شدید افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وارنر اپنے عمل کو غلط اور غیر ذمہ دارانہ سمجھتے ہیں اور عدالت سے نرمی کی درخواست کریں گے تاہم وہ عام شہری کی طرح قانون کا سامنا کریں گے۔
وارنر کو 18 اگست کو سزا سنائی جائے گی۔ اس پیش رفت کے بعد سڈنی تھنڈر کی کپتانی بھی ان کے لیے غیر یقینی ہو گئی ہے جبکہ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز نے واقعے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے خلاف سخت مؤقف رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں