ڈی آئی خان میں پاک فوج کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج مارے گئے، میجر شہید

راولپنڈی:ڈی آئی خان میں پاک فوج کے آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج مارے گئے جب کہ میجر سبطین حیدر نے جام شہادت نوش کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اکتوبر 2025 کو سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں کی مؤثر کارروائی سے بھارتی حمایت یافتہ 7 خارجی ہلاک ہو گئے جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع کوئٹہ کے رہائشی 30 سالہ میجر سبطین حیدر، جوآپریشن کی قیادت کر رہے تھے، بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے بلند رتبے پر فائز ہوئے۔
مارے جانے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں باقی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج فتنۃ الخوارج کی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور 7 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔ انہوں نے آپریشن کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان دن رات ارض وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے افسران و جوانوں پر فخر ہے۔ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات، فوجی و سول افسران اور عوام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وزیر اعظم نے میجر سبطین حیدر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ “فتنۃ الخوارج یا کسی بھی غلط نظریات رکھنے والے گروہ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کا خون انتشار پھیلانے والے ہر ایجنٹ کو شکست دینے اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو تقویت دیتا ہے۔
بیان کے مطابق شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔