ماہ صیام میں بھی غزہ پراسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ، 72 فلسطینی شہید
غزہ : ماہ صیام میں بھی اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری اور فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 72 فلسطینی شہید ہوگئے۔اقوام متحدہ اور عالمی رہنماؤں کی جانب سے رمضان المبارک میں جنگ بندی کے مطالبے کے باوجود اب تک اس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، غزہ میں رمضان سے پہلے جنگ بندی کیلئے کوششیں کرنے والے ممالک قطر، مصر، امریکا جنگ بندی کرانے میں ناکام رہے ہیں۔قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یروشلم میں اسرائیلی فوج نے نوعمر لڑکے سمیت تین فلسطینی شہریوں کو گولی مار کر شہید کر دیا ، زیتون محلہ میں اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید ہوئے ۔ جنین پناہ گزین کیمپ کے قریب حماس اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ، شمالی غزہ میں شدید غذائی قلت سے مزید دو بچے دم توڑ گئے، غذائی قلت سے مرنے والے بچوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ۔