شردھا کپور کو اداکاری سے قبل امریکا میں کیا کام کرنا پڑا؟ اداکارہ کا جذباتی بیان

ممبئی:بالی وڈ چکاچوند اور گلیمرس نظر آتی ہے لیکن اس کے کئی اسٹارز کو جہاں انڈسٹری میں اپنا نام بنانے کے لیے سخت محنت کرنا پڑتی ہے وہیں مالی حیثیت بھی ان کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے لیکن جو اپنی صلاحیت کو پہچان جاتے ہیں اور محنت کرتے ہیں وہ اپنا لوہا منواتے ہیں۔
بالی وڈ میں جن اسٹارز نے ماضی میں مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد فلمی دنیا میں نام کمایا ان میں سے ایک نام مشہور ادا کار شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور بھی ہیں۔
بھارت کی فلمی دنیا میں اسٹار بننے سے قبل شردھا کپور امریکا میں تعلیم کے لیے گئی تھیں لیکن مالی مشکلات کے باعث انہیں مشکل کام کرنے پڑے جبکہ تعلیم ادھوری چھوڑ کر واپس بھارت آئیں اور بالی وڈ میں قدم رکھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شردھا کپور نے امریکا میں کافی شاپ میں کام کیا اور یہاں تک آئن اسٹائن بروز بیگلز میں سینڈوچز بھی فروخت کرتی تھیں۔
بعد ازاں شردھا کپور بالی وڈ کی امیر اسٹارز میں شمار ہونے لگیں اور جیولری کا اپنا برانڈ میں متعارف کروایا اور مشترکہ طور پر جیولری کا کاروبار شروع کیا۔
شردھا کپور امریکا کی بوسٹن یونیورسٹی میں سائیکالوجی پڑھنے گئی تھیں تاہم پہلے سال ہی انہوں نے تعلیم چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور بھارت واپس آکر اپنے اداکاری کا خواب پورا کیا جہاں ان کی پہلی فلم تین پتی تھی جس کی کامیابی ان کے کامیاب مستقبل کی ضامن ثابت ہوئی۔
بالی وڈ کی کامیاب اسٹار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی محنت کے حوالے سے بتایا کہ وہ امریکا میں اپنی اخراجات کے لیے پارٹ ٹائم کام کرتی تھیں اور مزید بتایا کہ کسٹمرز کے لیے کافی بنا کر سرو کرنے سے لے کر سینڈوچز فروخت کرنے تک تمام تجربات نے انہیں سنیما کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل آزادی کا مطلب سمجھایا۔