ٹرمپ کے ٹیرف فیصلے کا بڑا جھٹکا، 25 ممالک نے امریکا کو پارسل بھیجنا بند کردیا

جنیوا: اقوام متحدہ کے ڈاک کے ادارے یونیورسل پوسٹل یونین (UPU) نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت کے نئے ٹیرف اور ٹیکس پالیسی کے باعث 25 ممالک نے امریکا کو پارسل بھیجنے کی سہولت روک دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 29 اگست سے امریکا میں داخل ہونے والے چھوٹے پارسلز پر ٹیکس چھوٹ ختم کر دی جائے گی۔
اس فیصلے کے بعد فرانس، جرمنی، بھارت اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کی پوسٹل سروسز نے امریکا کے لیے پارسل بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔
یونیورسل پوسٹل یونین کا کہنا ہے کہ 25 رکن ممالک نے باضابطہ طور پر امریکا کے لیے اپنی سروسز معطل کرنے کی اطلاع دی ہے، کیونکہ امریکی حکام کے نئے فیصلوں اور ان کے نفاذ کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پائی جا رہی ہے۔
ادارے کے مطابق یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکا وضاحت نہیں کرتا کہ نئے فیصلے کو کس طریقے سے نافذ کیا جائے گا اور اس کے لیے درکار انتظامی اقدامات کب مکمل ہوں گے۔