ٹرمپ کا امریکی مرکزی بینک کے سربراہ جیروم پاول سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے فیڈرل ریزرو بینک کے چیئرمین جیروم پاول سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں کہا: “اب بہت ہو چکا، جیروم پاول کو فوری استعفیٰ دینا چاہیے!”
پاول کو ٹرمپ نے خود 2018 میں چیئرمین نامزد کیا تھا، لیکن گزشتہ کئی برسوں سے وہ شرح سود میں کمی نہ کرنے پر صدر کی تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
پاول نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر ٹرمپ کی ٹیرف (درآمدی محصولات) پالیسیوں کا معیشت پر اثر نہ ہوتا تو فیڈ پہلے ہی سود کی شرح کم کر چکا ہوتا۔
ٹرمپ چاہتے ہیں کہ معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے شرح سود میں کمی کی جائے، لیکن پاول کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ صرف معاشی حالات دیکھ کر کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 1935 میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیڈ جیسی آزاد ایجنسیوں کے سربراہان کو مدت مکمل ہونے سے پہلے بغیر جواز کے برطرف نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ٹرمپ ایسے کئی اصولوں کو ماضی میں چیلنج کر چکے ہیں۔