جسٹس مظاہر نقوی مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار، سپریم جوڈیشل کونسل نے برطرفی کی سفارش کردی

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے برطرف کرنے کی سفارش کردی۔سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف دائر درخواست پر تحریری فیصلہ (رائے) جاری کردی۔جس میں سپریم جوڈیشل کونسل نے لکھا کہ جسٹس (ر) مظاہر نقوی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور وہ مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے ہیں۔تحریری فیصلے میں سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو برطرف کرنے کی سفارش کی اور اپنی رائے منظوری کیلیے صدر مملکت کو ارسال کردی۔سپریم جوڈیشل کونسل نے رائے دی کہ ہائی یا سپریم کورٹ کے ججز پر اگر الزامات عائد ہوں تو انھیں عوامی سطح پر زیر بحث لایا جا سکتا ہے، کچھ ججز کی جانب سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا اگر الزامات پر جواب دیں گے تو وہ بھی مس کنڈکٹ کے زمرے میں آئے گا۔کونسل نے رائے دی کہ ججز کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل پانچ کے مطابق ججز کو عوامی شہرت کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے، جوڈیشل کونسل نے جائزہ لیکر رائے دی کہ اگر کوئی جج اپنے اوپر لگے الزامات کی وضاحت کرتا ہے یا جواب دیتا ہے تو یہ کونسل رول پانچ کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں