ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہ امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں،امریکی اخبار

نیویارک:امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہ عراق اور ممکنہ طور پر شام میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ امریکی انٹیلیجنس اور فوج نے ایسے اشارے حاصل کیے ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ ایران نواز ملیشیاؤں کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور وہ امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ تاحال ان گروپوں نے کسی امریکی تنصیب پر براہ راست حملہ نہیں کیا، لیکن عراقی حکومت انہیں روکنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد پورے خطے میں حالات کشیدہ ہو چکے ہیں۔ ایران نے ان حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جوابی کارروائی ضرور ہوگی، مگر اس کا وقت اور طریقہ ایران کی مسلح افواج خود طے کریں گی۔
اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایراوانی نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور ایران اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔”