ایران اسرائیل کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، بلاول بھٹو

بھارتی جارحیت پر پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھنے کے لیے مختلف ممالک کے دورے پر گئے پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی ایشیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات شروع نہ کیے گئے تو خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی بات چیت کا موقع آیا، بھارت نے یا تو اسے نظرانداز کیا یا راہ فرار اختیار کی۔ جنگ بندی محض ایک وقتی حل ہے، مستقل امن تبھی ممکن ہے جب فریقین کھلے دل سے بات چیت پر آمادہ ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی دھمکی پاکستان کو اشتعال دلانے کی ایک خطرناک چال ہے، جو دونوں ممالک کو ایسی راہ پر ڈال سکتی ہے جہاں تیسری عالمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ جامع اور بامقصد مذاکرات کا حامی رہا ہے، مگر بھارت کی طرف سے مسلسل انکار ہی کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔