پاکستان اپنی خود مختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان انڈس واٹرز ٹریٹی کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ پانی پاکستان کے لیے زندگی و موت کا مسئلہ ہے اگر بھارت نے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ جنگی اقدام تصور ہوگا۔ترجمان کے مطابق ہم سندھ طاس معاہدے پر اپنی پالیسی کا اعادہ کرتے ہیں، یہ معاہدہ 250 ملین افراد کی زندگی کا معاملہ ہے۔ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے پیش نظر پاکستان تمام دو طرفہ معاہدے بشمول شملہ معاہدہ، معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں بھارت کی طرف سے دیے گئے بیان میں موجود درپردہ دھمکی کی بھی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں عالمی برادری کو بھارت کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، بیرون ملک قتل کی وارداتوں اور دہشت گردی کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔