خواتین کے عالمی دن پر پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے زیر اہتمام تقریب

ہیوسٹن (خصوصی رپورٹر )پاکستان ایسوی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کو ایک منفرد انداز سے منایا گیا جس میں خواتین مقررین نے عالم اسلام کی عظیم خواتین حضرت بی بی مریم ، حضرت خدیجہ ؓاور حضرت بی بی فاطمہ زاہرہ ؓکی ذاتِ مقدسہ کے پر نور پہلووں اور افکار پر روشنی ڈالی اور ان جلیل القدر ہستیوں کی عظمت، ہمت اور حوصلہ کی مثالوں کو ہر دور کی خواتین کیلئے مشعلِ راہ قرار دیا ۔ اس منفردتقریب میں خواتین مقررین نے فاطمہ جناح اور بیگم رعنا لیاقت علی خان کی تحریک پاکستان میں لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں خاص طور پر پاکستانی خواتین کیلئے مشعل راہ قرار دیا تقریب کے اختتام پر پاکستان ایسوی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر سراج نارسی نے خطاب کرتے ہوئے، خواتین کی ترقی کو کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض پاکستان ایسوی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کی شعبہ خواتین کی سربراہ فلک زہرہ نے ادا کئے۔