روس-یوکرین جنگ: 4 بڑے مغربی رہنما اظہار یک جہتی کیلئے کیف پہنچ گئی
کیف: کینیڈا، اٹلی اور بیلجیم کے وزرائے اعظم سمیت 4 مغربی ممالک کے رہنما روس سے جنگ کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر یوکرین سے اظہار یک جہتی کے لیے کیف پہنچ گئے۔خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلونی، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، بیلجیم کے الیگزینڈر ڈی کرو اور یورپی کمیشن کے صدر ارسولا وون ڈیر لیئن روس کی مسلط کردہ جنگ کے دوسال مکمل ہونے پر یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ گئے۔اٹلی کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چاروں ممالک کے وزرائے اعظم ایک ساتھ پولینڈ سے ریل کے ذریعہ یوکرین کے دارالحکومت پہنچ گئے۔بیان میں کہا گیا کہ جیورجیا میلونی کیف میں منعقد ہونے والی ایک ویڈیو کانفرنس کی میزبانی کریں گی، جس میں گروپ آف سیون میں شامل 7 بڑے جمہوری ممالک شامل ہیں اور اس کانفرنس میں یوکرین کے صدر ویلادیمیر زیلنسکی بھی شریک گفتگو ہوں گے۔