کابینہ میں شامل 12 نئے وزراء اور 9 وزرائے مملکت، مشیران و معاونین خصوصی کو قلمدان سونپ دیئے گئے

وفاقی کابینہ میں شامل 12 نئے وزراء اور 9 وزرائے مملکت، مشیران و معاونین خصوصی کو قلمدان سونپ دیئے گئے، دو وزراء کی وزارتیں تبدیل کردی گئیں، سات وزراء سے اضافی قلمدان واپس لیے گئے۔وفاقی کابینہ میں شامل نئے ارکان کو قلمدان سونپ دیے گئے کابینہ ڈویژن نے وزراء اور وزرائے مملکت کے قلم دانوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق طارق فضل چوہدری کو وزیر پارلیمانی امور، علی پرویز ملک کو وزیر پیٹرولیم، اورنگزیب خان کچھی کو وزیر قومی ورثہ و ثقافت، خالد مگسی کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔اسی طرح حنیف عباسی کو وزیر ریلوے اور معین وٹو کو وزیر آبی وسائل کا قلمدان دیا گیا ہے، محمد رضا حیات ہراج کو وزیر دفاعی پیداوار، سردار یوسف وزیر کو مذہبی امور، شیزہ فاطمہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، رانا مبشر اقبال کو پبلک افیئر یونٹ اور مصطفی کمال کو نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز کا قلم دان دیا گیا ہے۔ملک رشید احمد وزیر مملکت برائے فوڈ سیکیورٹی بن گئے اور عبدالرحمان کانجو کو وزیر مملکت برائے توانائی کا چارج مل گیا، بیرسٹر عقیل ملک وزیر مملکت قانون و انصاف اور بلال اظہر کیانی کو وزیر مملکت ریلوے مقرر کیا گیا ہے۔