بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم کا فوری انتخابات کا مطالبہ
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری نظام کی بحالی کے لیے فوری اور مختصر اصلاحات کے بعد جلد از جلد انتخابات کرائے جائیں۔79 سالہ خالدہ ضیا، جو دو مرتبہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں، نے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ عوام ایک شفاف اور منصفانہ انتخابات کی توقع رکھتے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت بحال ہو سکے۔یاد رہے کہ 2018 میں کرپشن کیس میں سزا کے بعد وہ جیل میں قید تھیں، لیکن گزشتہ سال ایک عوامی انقلاب کے نتیجے میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا، اور خالدہ ضیا کو رہا کر دیا گیا۔ حسینہ، جو اب بھارت میں خودساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں، پر جنگی جرائم سمیت کئی مقدمات درج ہیں۔خالدہ ضیا نے جنوری میں برطانیہ کا سفر کیا، جہاں وہ علاج کی غرض سے مقیم ہیں، اور یہ ان کا چھ سال بعد پہلا عوامی خطاب تھا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر نہ صرف سیاسی تحریک کی قیادت کریں بلکہ ملک کو بھی سنبھالیں۔

