میچ دیکھنے اسٹیڈیم آنے والوں کو کس بات کا خیال رکھنا ہوگا؟ اہم ہدایات جاری

میچ دیکھنے اسٹیڈیم آنے والوں کو کس بات کا خیال رکھنا ہوگا؟ اہم ہدایات جاری

کراچی:نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں سہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کیلئے جانے والے شائقین کیلئے اہم ہدایات سامنے آگئیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن کے مطابق اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کے لیے اسٹیڈیم سے متصل چائنہ گراؤنڈ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی جائے گی۔
اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے صرف مرکزی گیٹ اور گیٹ نمبر 12، 13 اور 14 استعمال کیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ تمام گیٹس تماشائیوں کے داخلے کے لیے بند رہیں گے۔ صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر، یا پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہو سکیں گی۔
اسٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ کے شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔ تماشائیوں اور ہر ٹکٹ ہولڈر کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور ٹکٹ یا میچ پاس کارڈ (اصل) دکھانا ضروری ہوگا۔ شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے فزیکل میچ ٹکٹ (اصل میچ ٹکٹ کی ہارڈ کاپی) کا ہونا لازمی ہے۔ آن لائن ٹکٹس پر اسٹیڈیم میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
ڈی آئی جی مقصود احمد میمن نے مزید بتایا کہ جن افراد نے آن لائن ٹکٹس بک کرائے ہیں وہ ٹی سی ایس کے مقرر کردہ مراکز سے اپنے فزیکل ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز، مشروبات، گلاس، پلاسٹک بوتلیں، یا کوئی بھی نشہ آور اور ممنوع اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں